منگلورو27؍جولائی (ایس او نیوز) بجرنگ دل کی جانب سے مویشیوں کی چوری اور ذبیحہ روکنے کے مقصد سے گؤ رکھشا دل قائم کرنے کے بعد لگتا ہے کہ جنوبی کینرا میں پولیس نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔جس کے نتیجے میں پولس نے بجرنگ دل کے ایک کارکن سمیت کئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سٹی کرائم برانچ نے الگ الگ مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے پچھلے مہینوں میں کی گئی چوریوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 17جولائی کوکاوور پولیس اسٹیشن کے حدود میں موڈوشیڈے کے پرشوتم نامی شخص کے باڑے میں بندھی ہوئی دو گائیں چوری کی گئی تھی۔ الزام یہ بھی تھا کہ گھر والوں نے جب چوروں کو روکنے کی کوشش کی تو انہیں دھمکایا گیا تھا۔ اس معاملے میں سی سی بی پولیس نے عمران عرف کتّا عمران (۲۷سال) اور عمر فاروق (۳۲سال) کو گرفتارکیا ہے۔پولیس کے مطابق مویشی چرالے جانے کے لئے استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کی گئی ہے۔
عمران کے متعلق بتایاگیا ہے کہ اس پرالال ، بچپے، منگلورو مضافات،کوناجے، بنٹوال ٹاؤن، بنٹوال مضافات، کوڈاگو، خوشحال نگر،سوموار پیٹ اور سکلیشپور پولیس اسٹیشنوں میں گائے چوری کرنے سمیت قتل اور دیگرجرائم کے 20کیس درج ہیں۔جبکہ عمر فاروق پر بجپے، بنٹوال ٹاؤن، وینور، اپن انگڈی اور کارکلا پولیس اسٹیشنوں میں 10کیس درج بتائے جاتے ہیں۔

سی سی بی کی دوسری کارروائی میں عبدالکبیر عرف پری والا کبیر (۳۰سال) کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ منگلورو ساؤتھ پولیس اسٹیشن کے حدود میں گوڈشیڈ نامی مقام پرپانڈیشور مہالنگیشورا مندر کے احاطے سے 2گائے اور ایک بچھڑے کی چوری میں یہ شخص ملوث ہے۔مویشی چوری کا یہ واقعہ 5جولائی کو پیش آیا تھا۔پولیس کے بیان کے مطابق اس نے ملزم کے پاس سے ماروتی رٹز کار ضبط کی ہے، جس پرگائے چرانے کے کئی کیس الال اوراپن انگڈی پولیس اسٹیشن میں درج ہیں۔مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت سے غائب رہنے کی وجہ سے کبیر کے خلاف وارنٹ جاری ہوا تھا۔
منگلورو سی سی بی نے تیسری کارروائی میں بشیر (۴۲سال) کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ موڈ بیدری پولیس اسٹیشن کے حدود میں 2017میں ہوئی گائے چوری کے معاملے میں وہ ملوث ہے۔بشیر پر موڈبیدری اور بجپے پولیس اسٹیشنوں میں گائے چوری کے علاوہ قتل کی کوشش وغیرہ کے جملہ 7معاملات درج ہیں۔

غیر قانونی طور پر جانوروں کی سپلائی کرنے کے ایک معاملے میں بنٹوال پولیس نے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔اس میں سے ایک کانام ششی کمار بھٹ (۴۸سال) ہے جو کہ بجرنگ دل کا کارکن ہے۔دوسرے کا نام عبدالحارث (۲۱سال)ہے۔
ان دونوں پر الزام ہے کہ یہ لوگ بہت ہی ظالمانہ اور غیر انسانی طریقے سے ایک گاڑی کے اندر مویشی اسمگل کررہے تھے۔عبدالحارث کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ مویشی چرانے کے دوسرے معاملات میں بھی ملوث رہا ہے۔ اس پر کوناجے پولیس اسٹیشن میں کئی کیس درج ہیں۔پولیس کے بیان کے مطابق مصدقہ اطلاع کی بنیاد پرسب انسپکٹر ناگراج کی قیادت میں پولیس ٹیم نے کارروائی کی تھی اور ان دو ملزموں کو مویشیوں کے ساتھ پکڑ نے میں کامیاب ہوئی تھی۔